'امن کے خواہشمند، بھارت کی جارحانہ پالیسی کے باوجود صبر کا مظاہرہ کیا'

Last Updated On 07 March,2019 05:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہشمند ہے، بھارت کی جارحانہ پالیسی کے باوجود صبر کا مظاہرہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لکسمبرگ کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان کی طرف سے تحقیقات کی یقین دہانی کے باوجود بھارت نے دراندازی کی، پاکستان خطے میں امن و امان کا خواہاں ہے۔ کشیدگی کےخاتمے کیلئے بھارت کو ہرسطح پرمذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کی طرف سے جارحانہ اقدام کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو بھارت کے حوالے کیا۔ شاہ محمود قریشی  کا کہنا تھا کہ پاکستان شروع دن سے یہی موقف رہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ لکسمبرگ کے وزیر خارجہ نے جین ایز لبورن نے امریکا اور افغانستان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کے مثبت اور موثر کردارکی تعریف کی۔

قبل ازیں پاکستان اور لکسمبرگ کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہوئی، جس میں خطے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تجارتی اقتصادی، تعلیمی و سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے مابین وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا۔ پاکستان کے دورے پر آئے لکسمبرگ کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے بھارتی جارحیت اور کشمیر میں جاری مظالم کا معاملہ بھی اٹھایا۔
 

Advertisement