اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ناراضی کا اظہار کیا اور اسے نامناسب قرار دیدیا۔ انہوں نے دوٹوک ہدایت جاری کی کہ کسی اقلیت کے خلاف مذہبی بنیاد پر بیان برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراطلاعات پنجاب کے نازیبا ریمارکس پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور وفاقی وزراء نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا پاکستان میں رہنے والے ہندؤ بھی اتنا ہی پاکستان کے حصہ ہیں جتنا ہر شہری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بھی فیاض الحسن چوہان کے بیان پر اپنا ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کو اپنے پرچم کے سفید حصے پر بھی سبز جتنا فخر ہے، پاکستان ہندو برادری کی اقدار اور ملک کیلئے خدمات کو تسلیم کرتا ہے، پاکستانی، پاکستانی ہے خواہ وہ مسلمان، ہندو، عیسائی یا کسی اور مذہب سے ہو۔