لاہور: (روزنامہ دنیا) سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کی آخری آرام گاہ تاریخی گردوارہ کرتار پور صاحب نارووال کی توسیع کا 40 فی صد کام مکمل، توسیع کے بعد 3 لاکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے۔
بابا گرو نانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن تک فیز ون مکمل ہوجائے گا۔ کرتار پور انتظامات پر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چیئرمین بورڈ طاہر احسان کے احکامات کے مطابق گر دوارہ کرتار پور صاحب کی چار دیواری، داخلی خارجی راستے تاریخی طرز کے عین مطابق تعمیر کیے جا رہے ہیں، گردوارہ کی پہلے سے موجود چار دیواری کے اطراف میں 3 سو فٹ توسیع کی جا رہی ہے۔ موجود ہ بلڈنگ میں 10 سے 15 ہزار سکھ یاتری، مذہبی رسومات ادا کر سکتے ہیں جبکہ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد 3 لاکھ یاتریوں کی گنجائش ہوگی۔
توسیع کے دوران کسی بھی عمارت یا دیوار کو نہیں گرایا جائے گا۔ پاکستان سکھ گر دوارہ بندھک کمیٹی کے پر دھان سردار تارا سنگھ نے کہا ہے کہ کرتار پور سمیت ہمارے دیگر مذہبی مقامات کی تزئین و آ رائش اور سکیورٹی کے انتظامات پر بہت خوش ہیں۔