لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے صوبے کے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹراما سنٹر بنانے کا اعلان کر دیا۔ موٹر وے اور جی ٹی روڑ پر بھی ٹراما سنٹرز بنانے کی تجویز پر وزیراعلی نے سفارشا ت مانگ لیں۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں صوبہ بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹراما سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے فیصلے کی منظور ی دیتے ہوئے کہا کہ حادثات کا شکار افراد کو فوری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹراما سنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ حادثات کا شکار انسانی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔
اجلاس میں موٹر وے اور جی ٹی رو ڑ پر بھی ٹراما سنٹر بنانے کی تجویز دی گئی تاکہ حادثات کی صورت میں قریب ترین ٹراما سنٹر کی سہولت موجود ہو۔ وزیراعلی نے اس ضمن میں سفارشات طلب کرلیں۔ وزیراعلی نے صوبے میں ائیر ایمبولینس سروس کے اجرا کے لئے کمیٹی بھی قائم کر دی۔