لاہور: (دنیا نیوز) صوبے میں پرائمری تک اردو میں تعلیم دی جائے گی جبکہ انگریزی بطور مضمون شامل ہوگا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری سے نئی نسل کا مستقبل روشن ہوگا، طبقاتی تفریق ختم کر کے یکساں تعلیمی نظام کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے نئی تعلیم پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے ایوان وزیراعلیٰ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائمری تک اردو میں تعلیم دی جائے گی جبکہ انگریزی بطور مضمون شامل ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے چولستان کے بچوں کو بھی لاہور کے طلبہ جیسی سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کہا کہ نئی پالیسی سے تعلیم کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ستر سال میں شعبہ تعلیم کیلئے کچھ نہیں کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت تعلیم میں سرمایہ کاری کر رہی ہے جو کہ ترقی کیلئے اہم ہے۔
وزیراعلیٰ نے شعبہ تعلیم کے اقدامات کوپایہ تکمیل تک پہنچانےکیلئے اپنی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب میں سینئر وزیر میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال اور مراد راس سمیت دیگر وزرا موجود تھے۔