لاہور: (دنیا نیوز) کرتار پور راہداری منصوبہ پر پاک بھارت مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا۔ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے مسودے کو حتمی شکل دینے کیلئے مجوزہ معاہدے پر بات چیت کی گئی، کچھ ایشوز پر اختلافات برقرار ہیں، اگلا اجلاس 2 اپریل کو واہگہ میں ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مشترکہ اعلامیہ کا جاری ہونا ایک بڑی کامیابی ہے، کرتار پور راہداری پر بھارتی حکام سے بات چیت ہوئی، بھارتی وفد کی قیادت جوائنٹ سیکریٹری داخلہ نے کی۔ انہوں نے کہا 2 اپریل کو کرتارپور راہداری سے متعلق دوسری ملاقات ہوگی، دونوں اطراف سے ماحول سازگار تھا، دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی امور پر ماہرین کا بھی اجلاس ہوا، پاک بھارت حکام کے درمیان مثبت بات چیت ہوئی، کرتار پور ویزا فری کوریڈور ہے۔
بھارت روانگی سے قبل ڈاکٹر فیصل نے کہا پاکستان نے کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، میٹنگ کرتارپور راہداری کھولنے سے متعلق ہے، امید ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاک بھارت کشیدگی میں کمی خطے کے امن کیلئے ضروری ہے، ہماری سوچ ہے ایک شجر ایسا لگایا جائے کہ ہمسائے کے گھر میں سایہ جائے، منصوبے کا سنگ بنیاد 20 نومبر 2018 کو رکھا گیا، جس کی تکمیل نومبر 2019 میں ہو جائے گی۔
#Pakistan Kartarpur Delegation returns after construcirve discussion in a cordial environment.
— Dr Mohammad Faisal (@ForeignOfficePk) March 14, 2019
First #Pakistan-#India joint Press Statement after a long time. #PakKartarpurSpirit #RoadToPeace pic.twitter.com/hSvBrqFHlQ
سکھوں کے لیے مقدس مقام گوردوارہ کرتار پور ضلع نارروال میں واقع ہے۔ اس مقام پر سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک نے زندگی کے آخری ایام گزارے تھے۔ یہ گوردوارہ لاہور سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر تحصیل شکر گڑھ کے بھارتی سرحد پر گاؤں کوٹھہ پنڈ میں واقع ہے۔
پاکستان کے منصوبے کے تحت کرتار پور میں بارڈر ٹرمینل کی تعمیر ہوگی اور دریائے راوی پر پل بنے گا۔ سرحد کے دونوں طرف راہداری مکمل ہونے کے بعد سکھ زائرین کو بارڈر سے گوردوارے تک ویزے کے بغیر سپیشل پرمٹ پر رسائی دی جائے گی۔ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے جس کا 40 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے، یہ منصوبہ رواں سال بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
سرحد کے دوسری جانب بھارت کا ضلع گورداس پور واقع ہے۔ بھارت نے راہداری کے لیے ڈیرہ بابا نانک نامی علاقے کو زیرو پوائنٹ مقرر کیا ہے۔ بھارت وہاں مسافر ٹرمینل بلڈنگ کمپلیکس اور چیک پوسٹیں قائم کرے گی۔ جس پر 190 کروڑ بھارتی روپے لاگت آئے گی۔ ٹرمینل پر روزانہ پانچ ہزار سکھ یاتریوں کو کسٹم اور امیگریشن کی سہولیات ملیں گی۔