لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب 18 آئینی ترمیم کے تحت سپیشلائزڈ فورسز قائم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا، 2018 میں 18 ویں آئینی ترمیم کے تحت ہر صوبے کو سپیشلائزڈ فورسز بنانے کا مینڈیٹ ملا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں متعدد سپیشلائزڈ فورسز قائم کی گئیں، پنجاب نے پہلی وائلڈ لائف فورس، انوائرمنٹ فورس، فاریسٹ اور پیرا فورس بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
منشیات کے سدباب کے لئے پہلی صوبائی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بنانے کا اعزاز بھی پنجاب کو حاصل ہوا، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر قائم صوبائی فورسز موثر اور پروفیشنل کارروائی کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں پاکستان کی پہلی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی باقاعدہ لانچنگ کی، پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی۔
کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی جنرل سلامی، افسران اور فورس نے حلف اٹھایا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پرچم سپرد کیا، مریم نواز نے جوانوں سے ملاقات کی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مزین گاڑیوں اور آلات کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سی این ایف لیڈیز سٹاف کا مارچ پاسٹ دیکھ کر اظہار مسرت کیا، اس موقع پرر ڈی جی سی این ایف بریگیڈیئر مظہر اقبال نے فورس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
مریم نواز کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے لیے پہلے فیز میں 866 آسامیوں پر بھرتی کی گئی، پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کو تمام ڈویژن میں فنکشنل کر دیا گیا۔
پہلے مرحلے میں پنجاب کی ہر ڈویژن میں سی این ایف کے سٹیشنز اور ریجنل ڈائریکٹوریٹس قائم ہوچکے ہیں، دوسرے مرحلے میں سی این ایف کا دائرہ کار ضلعی سطح تک بڑھایا جائے گا۔
سی این ایف کے افسران اور جوانوں کو اے این ایف اکیڈمی راولپنڈی میں 12 ہفتوں کی پروفیشنل تربیت دی گئی۔