ننکانہ صاحب:(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ننکانہ صاحب کے دیہات کا ڈھائی گھنٹے سے زائد طویل دورہ کیا اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے سیلابی ریلوں سے بچاؤ کے لیے دو فلڈ ڈرین بنانے کا اعلان کیا اور ننکانہ صاحب کو ماڈل سٹی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،دورے کے دوران مریم نواز نے ننکانہ صاحب روڈز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت بھی دی جب کہ شہر کی بیوٹی فکیشن کا پلان دو ہفتوں میں طلب کیا اور اس کے لیے فنڈز کے فوری اجرا کا حکم دیا جبکہ ضلع ننکانہ کے لیے الیکٹرک بسوں کی تعداد بڑھانے کا اعلان بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے سکولوں کے سامنے زبیرا کراسنگ اور سائن بورڈز لگانے کی ہدایت دی اور روٹی کے نرخ کنٹرول کرنے کا حکم جاری کیا اور ننکانہ صاحب میں کلینک آن ویل کی تعداد بڑھانے اور ہمت کارڈ کے مستفید افراد کی تعداد میں اضافے کی ہدایت بھی دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ننکانہ صاحب میں ندی نالوں اور نہروں کے اوور فلو سے 1525 ایکڑ رقبہ زیر آب آیا، جس سے 22 دیہات متاثر ہوئے، ضلع میں 20 ہزار سے زائد تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا اور 1194 خصوصی افراد کو ہمت کارڈ دیے گئے، ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کے تحت 788 لون جاری کیے گئے اور 400 گھر زیر تعمیر ہیں۔
مزید برآں 176 گرین ٹریکٹرز سبسڈی پر دیے گئے جبکہ گندم کے کاشتکاروں کو بیس ٹریکٹرز مفت فراہم کیے گئے،267 لائیو سٹاک، 1715 منیارٹی کارڈ، اور 242 زرعی ٹیوب ویل سولر سکیم میں شامل کیے گئے۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلابی ریلوں سے متاثرہ فصلوں اور لائیو سٹاک کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا اور کچے گھروں کے متاثرین کی مالی معاونت کی جائے گی، کسی بھی جگہ پر قبضہ ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کی ناکامی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں پنجاب کے ساتھ ہونے والا سلوک دل کو کڑھتا ہے لیکن عوام کے مسائل کے حل کے لیے وہ پرعزم ہیں،انہوں نے زور دیا کہ عوام کی خدمت ان کا فرض ہے، مہربانی نہیں۔