نارووال میں مریم نواز ہیلتھ کلینکس کیلئے 8 جدید الٹرا ساونڈ مشینیں فراہم

Published On 20 July,2025 05:32 pm

نارووال:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا صحت دوست پروگرام’’ صحت کی دستک آپ کی دہلیز پر‘‘ کے تحت مریم نواز ہیلتھ کلینکس کے لئے 8 جدید الٹرا ساونڈ مشینیں فراہم کردی گئیں۔

اپنے آبائی حلقے نارووال میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے الٹر اساونڈ مشینوں کی فراہمی کا افتتاح کیا، انہوں نے کہا کہ 21 مریم نواز ہیلتھ کلینکس کو صحت کی جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے۔

احسن اقبال میں اپنی گفتگو میں کہا کہ ادارے سیمنٹ اور سریا نہیں رویوں سے بنتے ہیں، ہمارا شمار دنیا کی بیمار ترین قوموں میں ہوتا ہے، ہیپاٹائٹس سی پاکستان میں سب سے زیادہ ہے،پیٹ کی بیماریاں بھی پاکستان میں سب سے زیادہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی بی میں ہم دنیا کے پہلے 5 ممالک میں شامل ہیں، پولیو میں ہم دنیا میں پہلے 3 ممالک میں آتے ہیں، آبادی تیزی سے بڑھانے کے لحاظ سے ہم دنیا کے پہلے 5 ممالک میں شامل ہیں، 40 فی صد بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہونے کی وجہ سے ذہنی طور پر کند ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی نے کہا کہ یہ بڑی شرمناک بات ہے ، صحت بنیادی ستون ہے، اگر صحت مند قوم نہیں ہو گی تو وہ محنت کیسے کرے گی، لوگوں کو گھر گھرصحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

صحت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ احسن اقبال نارووال۔ مریم نواز کلینک آن ویلز جیسی سہولیات اسی سلسلہ کی کڑی ہے، والدین بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت پرخصوصی توجہ دیں، بچے ملک کا روشن کل ہیں، ملک کامستقبل ان کی صحت سے وابستہ ہے۔