پنجاب حکومت کا عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ

Published On 04 November,2025 11:08 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں طبی عملے کی کمی پوری کرنے کیلئے عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس مقصد کیلئے "پنجاب لوکم ہائیرنگ ایکٹ 2025" پنجاب اسمبلی سے منظور کر لیا گیا ہے، بل گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا گیا تھا جو کثرت رائے سے منظور ہوا۔

بل کے مطابق لوکم پالیسی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو صحت کے شعبے میں عملے کی کمی کی نشاندہی کرے گی اور عارضی بھرتیوں کے قواعد و ضوابط (ٹی او آرز) مرتب کرے گی۔

کمیٹی کی سربراہی صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کریں گے، جبکہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر وائس چیئرپرسن ہوں گے، اس کے علاوہ ہیومن ریسورس کے نمائندے اور 3 مختلف شعبوں کے ماہرین بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

بل کے متن کے مطابق کمیٹی بھرتی کے عمل کی مدت، تنخواہوں، مراعات اور معاہدے کے خاتمے کی شقوں کا تعین کرے گی، بھرتیاں شفاف طریقے سے کی جائیں گی اور بھرتی سے قبل کم از کم دو اخبارات میں اشتہار دینا لازمی ہوگا، اشتہارات میں بھرتی کا مکمل طریقہ کار واضح طور پر درج کیا جائے گا۔

بل میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عارضی بنیادوں پر بھرتی ہونے والے افراد مستقبل میں مستقل ملازمت کا مطالبہ نہیں کر سکیں گے اور انہیں محکمہ صحت کے مستقل ملازمین کے مساوی مراعات حاصل نہیں ہوں گی، عارضی بھرتیوں کی مدت میں توسیع یا ان کے خاتمے کا اختیار پالیسی کمیٹی کے پاس ہوگا۔

بل کے متن کے مطابق اس قانون کا مقصد صوبے میں صحت کے شعبے میں عملے کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنا ہے تاکہ ہسپتالوں میں عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔