غیر معیاری بیج دینے والی 400 کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردیے: رانا تنویرحسین

Published On 19 July,2025 07:28 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر رانا تنویرحسین نے کہا ہے کہ غیر معیاری بیج دینے والی 400 کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت سے جاری ایک بیان میں رانا تنویرحسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی زراعت ہے، زراعت وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، زراعت میں کچھ ترقی ہوئی لیکن ہم وہاں تک نہیں پہنچ سکے جہاں دوسرے ممالک پہنچے ہیں، ہمارے ہمسائے ملک میں جہاں غربت اور افلاس تھی اب وہ زرعی پیدوار میں آگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں زرعی پیدوار بڑھانے کیلئے ماڈرن ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہو گی، معیاری بیج اور کھاد کا استعمال بہت ضروری ہے، 12 سو کمپنیاں بیج پر کام کررہی ہیں، غیر معیاری بیج دینے والی 400 کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کئے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قانون بنایا ہے کہ غیر معیاری بیچ سے اگر فصل کا نقصان ہوگا تو بیج دینے والی کمپنی کو دس سال قید کی سزا دیں گے، گندم میں اس دفعہ شارٹ فال ہے، پنجاب گورنمٹ نے دس ہزار ٹریکڑ تقسیم کئے جس میں دس لاکھ فی ٹریکٹر سبسڈی دی گئی ۔

رانا تنویرحسین نے کہا کہ معیشت بحال ہو گئی ہے، پچھلی اور بالخصوص پی ٹی آئی کی حکومت نے تباہی کردی تھی، ملک ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکا تھا، بڑی مشکل سے ملک کی ساکھ بحال کی ہے، ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا عام آدمی کو بجلی کے سیکٹر میں کچھ تنگی ہے لیکن اس میں ریلیف دے رہے ہیں، نئی ٹیکنالوجی استعمال کرکے فی ایکڑ پیداوار 60 من تک لیکر جائیں گے، اس وقت فی ایکڑ پیداوار 30 من کے قریب ہے۔