دوران حمل ویپنگ کا استعمال بچے کی صحت کیلئے انتہائی خطرناک قرار

Published On 23 July,2025 06:16 pm

اوہائیو : (ویب ڈیسک) دورانِ حمل خواتین کا ویپنگ کرنا بچے کی نشونما کے لیے انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔

اوہائیو سٹیٹ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کے محققین نے اپنی ایک حالیہ تحقیق کے دوران ای سگریٹ میں استعمال ہونے والے دو مائع اجزاء پروپیلین گلائیکول اور گلیسرول کا رحم میں بچے کی نشونما پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا۔

تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ دونوں مائع اجزاء ممکنہ طور پر رحم میں بچے کی ہڈیوں کی نشوونما کو متاثر کر سکتے ہیں۔

اس حوالے سے اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے لیڈ محقق اور پروفیسر ڈاکٹر جیمز کِرے نے کہا کہ تحقیق میں استعمال کی جانے والی ای سگریٹ میں کوئی نکوٹین نہیں تھی پھر بھی ماڈلز میں کھوپڑی کی نشو نما پر اثرات دیکھے جو کہ غیر متوقع تھے۔

تحقیق کے دوران حاملہ چوہیاؤں پر پروپیلین گلائیکول اور گلیسرول کے اثرات کا جائزہ لیا گیا اور اس مقصد کے لیے محققین نے 20 دن کی حاملہ چوہیاؤں کو ہر ہفتے میں 5 دن 4 گھنٹوں تک انسانی کی جانب سے ایک سانس میں لی جانے والی مقدار کے مطابق فی منٹ کی ویپنگ کنڈیشن میں رکھا۔

چوہیاؤں کے ایک گروپ کو فلٹر شدہ ہوا میں، دوسرے گروپ کو 50 فیصد پروپائلین گلائیکول اور 50 فیصد گلائسرول کے مرکب میں جبکہ تیسرے گروپ کو 30 فیصد پروپائلین گلائیکول اور 70 فیصد گلائسرول کے مرکب والی فضا میں رکھا گیا۔

تحقیق کے دوران محققین نے یہ نوٹ کیا کہ جن چوہیاؤں کو 30 فیصد پروپائلین گلائیکول اور 70 فیصد گلیسرول دیا گیا تھا ان کے رحم میں موجود بچوں کے سر کی پیمائش دیگر دو گروہوں کے مقابلے میں واضح طور پر کم تھی۔