اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا، اجلاس میں 30 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا، وفاقی کابینہ انٹرٹینمنٹ اور گفٹ کے لئے بجٹ ختم کرنے کی منظوری دے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 30 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ ریونیو ڈویژن ایف بی آر میں اصلاحات کے مجوزہ پلان پر کابینہ کو بریفنگ دے گا۔ وفاقی کابینہ انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ کے لئے بجٹ ختم کرنے کی منظوری دے گی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ پر ٹاسک فورس کا قیام اور بورڈ کے چیئرمین کے تقرر کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔
وفاقی کابینہ کو قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام میں پیشرفت پر بریفنگ دی جائے گی۔ اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کے لئے بنائے گئے کمیشن میں تبدیلی کا معاملہ، قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تشکیل نو اور کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کی حکمت کی بھی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ اور وزارت اطلاعات کے درمیان یوتھ ڈویلپمنٹ معاہدے کی منظوری دے گی۔ کابینہ مختلف ایئر لائنز اور نجی چارٹرز کے لائسنسز کی منظوری اور توسیع کی منظوری دے گی۔
وفاقی کابینہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے سربراہان کے تقرر کے معاملے پر غور کرے گی جبکہ ڈیٹ پالیسی کوارڈینیشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔