اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے 23 مارچ تاریخی دن ہے، قوم نے غیر معمولی حالات کا سامنا کیا اور ہمیشہ سرخرو ہوئی۔
یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ وہ تاریخی دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہونے کا فیصلہ کیا، آج ہم بانیان پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان نے غیر معمولی چیلنجز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوا، قوم نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا، ہم نے دہشتگردی کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کیں۔
صدر مملکت نے کہا ہم جمہوریت، انصاف اور امن کیلئے پرعزم ہیں، ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمیں مزید محنت درکار ہے۔