لاہور: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم کسی ڈیل یا ڈھیل کے قائل نہیں، عمران خان سے این آر او کس نے مانگا ہے ؟ وزیراعظم کسی کو این آر او دینے کی اہلیت نہیں رکھتے، حکمرانوں کو خود این آر او کی ضرورت پڑنے والی ہے۔
لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج شہباز شریف کی زیر قیادت میٹنگ ہوئی، میٹنگ میں فیصلہ ہوا حکومت قومی اسمبلی اجلاس فوری بلائے، حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بریفنگ دے۔ انہوں نے کہا حکومت نے قومی اسمبلی کو مفلوج کر دیا، ملک کا وزیراعظم آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر اپوزیشن کا مشترکہ موقف ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر ایوان کو بریفنگ دے، اپوزیشن وزیراعظم کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا عسکری عدالتوں سے متعلق موقف وہی ہے جو نیب سے متعلق ہے، وزیراعظم کو سچ بولنا کم نصیب ہوا، حکومت این ایف سی ایوارڈ کو بدلنا چاہتی ہے تو بدلے۔ انہوں نے کہا فوجی عدالتوں کا قانون مخصوص وقت کیلئے تھا، حکومت فوجی عدالتوں میں توسیع چاہتی ہے تو بریف کرے۔