سرگودھا: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ہمارے سیاسی کمانڈر ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں، انہیں کیوں تبدیل کیا جائے؟ وہ اپنا کام بہتر طریقے سے کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا سرگودھا میں میڈیا مسے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ملنے والی شکایت کے ازالے کیلئے مختلف اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔ میرے پاس کئی درخواستیں میاں نواز شریف کے دور کی ہیں۔ نیب کے خوف سے ایماندار افسر کو نہیں ڈرنا چاہیے۔
علی محمد خان نے کہا کہ میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ مہنگائی ہے لیکن اس کی وجہ سابقہ حکومتیں ہیں۔ ہماری حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ تمام وزرا اپنی بھرپور کوششں کر رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اگلے چھ ماہ مشکل ہونگے لیکن اس کے بعد بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے دور میں ایک ہزار ارب کے قرضے لیے گئے جو کسی نے تو ادا کرنے ہیں۔ قوم عمران خان پر اعتماد کرے۔ اگر اگلا ایک سال خیریت سے نکل گیا تو آگے آسانیاں ہیں۔