لاہور: (دنیا نیوز) سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کی تنخواہیں تب بڑھیں گے جب مالی حالات بہتر ہونگے۔
چھانگا مانگا میں فاریسٹ ڈے پر پودے لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال ایسی ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کے متحمل نہیں ہو سکتے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ معاشی صورتحال اچھی نہیں، اراکین اسمبلی کی تنخواہیں تب بڑھیں گے جب مالی حالات بہتر ہونگے، جو بل منظور ہوا میڈیا اس کی کاپی دیکھ لے، بل کا تکنیکی طور پر دوبارہ جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا میڈیا نے جتنی تنقید مجھ پر کی ہے کسی پر نہیں کی، آج ورلڈ فاریسٹ ڈے پر شجر کاری مہم کا آغاز کیا ہے، اس شجر کاری مہم کے دوران ڈیڑھ کروڑ پودے لگائیں جائیں گے، آج پنجاب بھر میں تقریباً 8 لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں، پورے پنجاب اور پاکستان کو سر سبز بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو شجرکاری مہم اور چھانگا مانگا جنگل کے بارے میں سیکرٹری جنگلات نے بریفنگ بھی دی۔ تبدیلی سرکار نے سرکاری سکولوں کے بچوں کو چھانگا مانگا میں وزیر اعلی کی تقریب میں تحریک انصاف کے پرچم پکڑا دئیے۔ سکولوں کے بچوں کو صبح سات بجے ہی تقریب کے لئے بلا لیا گیا۔ ننھے بچے کئی گھنٹے وزیراعلی کے استقبال کے لئے کھڑے رہے، میڈیا نے پی ٹی آئی پرچموں کی فوٹیج بنائی تو پرچم واپس لے لئے گئے۔