وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، 19 نکاتی ایجنڈے پر غور

Last Updated On 02 April,2019 12:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمہ کی نئی وزارت کے قیام، انڈین پریمیئر لیگ کے میچز دکھانے پر پابندی کی حتمی منظوری دی جائے گی، نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کی رپورٹ پیش کی جائے گی، کابینہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ماہانہ اتار چڑھاؤ کا بھی جائزہ لے گی۔

کابینہ اجلاس میں پی آئی اے کے نئے سی ای او اور سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ کی تقرری متوقع ہے، آئی پی او بورڈ کی تنظیم نو اور آئی آر سی کے 3 ارکان کی تقرری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان توانائی منصوبوں کے معاہدوں کی توثیق کی جائے گی۔

کابینہ نجی ایئرلائن ویژن ایئر کے لائسنس میں توسیع کی منظوری دے گی، مختلف اداروں اور وزارتوں کے دیگر ممالک سے معاہدے، کراچی گارمنٹس سٹی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری متوقع ہے۔ کابینہ صنعتی پالیسی کی تشکیل نو اور گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔
 

Advertisement