کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے باغ ابن قاسم بحالی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ عمران خان نے منصوبے پر میئر وسیم اختر کی تعریف بھی کر دی۔
وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کراچی کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، سندھ میں جنگلات پر قبضہ کر کے درخت کاٹ دیئے گئے، کراچی کی خوبصورتی کو مسلسل نیچے جاتے دیکھا، وقت کیساتھ ساتھ کراچی میں گراؤنڈز اور پارکس کم ہوتے گئے۔ انہوں نے کہا باغ ابن قاسم کو دیکھ کر حیران ہوگیا ہوں، بچوں کیلئے گراؤنڈز کراچی میں ہونی چایئے، کراچی میں ہریالی کم ہونے سے موسم میں تبدیلی آئی، آنیوالی نسلوں کیلئے پارکس سمیت بہترین ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ آئندہ 5 سالوں میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، شہروں کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بلند عمارتوں کی اجازت دے رہے ہیں، سندھ میں شجرکاری مہم کی بہت ضرورت ہے، اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کرینگی۔ انہوں نے کہا دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ملکوں میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، سندھ میں بڑے پیمانے پر جنگلات پر قبضہ کر کے درخت کاٹ دیئے گئے۔