کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، گورنر سندھ کو کراچی میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، ایم کیو ایم کے تحفظات بھی دور کرنے کا یقین دلوا دیا۔
وزیراعظم عمران خان گوادر سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ گورنر ہاؤس پہنچتے ہی عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی اور کراچی میں جاری وفاقی حکومت کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
بعد ازاں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کا وفد بھی وزیراعظم پاکستان سے ملنے گورنر ہاؤس پہنچا۔ وفد نے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھ دیے۔
مئیر کراچی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی میں ماس ٹرانزٹ کے لیے تعاون کرے۔ ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کراچی پیکج پر عمل درآمد کرایا جائے۔
وزیراعظم نے اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جلد کراچی میں بھی ہاؤسنگ سکیم شروع کی جائے گی۔ گورنر کی سربراہی میں ایم کیو ایم اور کوارڈینیشن کمیٹی کا جلد مشترکہ اجلاس بلایا جائیگا۔ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اور صوبائی کی جانب سے وزیراعظم عشائیے میں بھی شریک ہوئے۔
دوسری جانب ہفتے کے روز وزیراعظم گورنر ہاوس میں کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو کراچی میں جاری وفاقی منصوبوں اور ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کلفٹن میں باغ ابن قاسم کا افتتاح بھی کریں گے۔