فیصل آباد: ( روزنامہ دنیا) معروف گلوکار جواد احمد کو وزیر اعظم پر تنقید مہنگی پڑگئی، فیصل آباد میں پروگرام کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ان سے مائیک چھین لیا اور ڈائس سے ہٹادیا گیا، آرپی او نے معاملہ رفع دفع کروا دیا۔
گزشتہ روز نصرت فتح علی آڈیٹوریم آرٹس کونسل میں منعقدہ سوشل میڈیا سیمینار میں پاکستان کے معروف سنگر جواد احمد تقریر کیلئے سٹیج پر پہنچنے اور اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا جس پر تحریک انصاف کے رہنما سٹی میئر کے امیدوار ندیم صادق ڈوگر کے بھائی بابر ڈوگر اور سٹی میئر کے امیدوار رانا زاہد محمود نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے نہ صرف جواد احمد سے مائیک چھین لیا بلکہ ان کو ڈائس سے ہٹا دیا۔
شدید بدنظمی کا شکار ہونے والی تقریب میں جواد احمد کو انتظامیہ نے دوسری جانب بٹھا دیا۔ اس موقع پر جواد احمد کو سٹیج سے ہٹانے والوں کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے منعقد کی جانے والی تقریب کو جواد احمد نے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔ اس موقع پر موجود ریجنل پولیس افسر سردارغلام محمود ڈوگر نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کروا دیا اور تقریب کو نئے سرے سے شروع کروایا گیا تاہم جواد احمد تقریب کو ادھورا چھوڑ کر واپس چلے گئے۔