وزیراعظم کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، اہم امور پر تبادلہ خیال

Last Updated On 27 March,2019 09:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں عدم مداخلت پر یقین رکھتا ہے اور وہاں قیام امن کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی ایس پی آر، وزیر خزانہ، وزیر داخلہ، سیکرٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاک بھارت تعلقات، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، ایف اے ٹی ایف کی سفارشات اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو کالعدم تنظیموں کے خلاف اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ نے وزیراعظم کو افغان امن عمل اور فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر عملدرآمد پر بریف کیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ خطے کا امن افغانستان میں امن کے ساتھ جڑا ہے۔ پاکستان افغان امن عمل کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔