اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے تمام وزارتوں کی گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو دو ہفتوں کے اندر کارکردگی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے تمام وزارتوں کو کارکردگی رپورٹ مرتب کرنے کے لئے خط لکھ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری خط کے مطابق ہر وزارت کو اب تک کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے لئے 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا۔
وزارت کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے کے بعد سوال وجواب کا سیشن ہو گا۔ وزیراعظم متعلقہ کابینہ رکن سے اس کی وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے سوالات کریں گے۔
سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے طے شدہ فارمیٹ تمام وزارتوں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ وزارتوں کی جانب سے پیش کیے گئے اہداف کی روشنی میں سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس کے خط میں کہا گیا ہے کہ اہداف کا تعین اور باقاعدگی سے کارکردگی کا جائزہ لیا جانا بہتر اور موثر حکومت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
اس سے قبل نومبر 2018ء میں تمام وزارتوں کی جانب سے کابینہ کے خصوصی اجلاس میں تین ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی تھی۔