نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ، وزارت داخلہ میں اہم اجلاس

Last Updated On 03 April,2019 08:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت داخلہ میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں چاروں صوبائی سیکرٹریز شریک ہوئے۔ اجلاس میں دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات کی تعریف کی گئی۔ رپورٹ آج وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان سے متعلق وفاقی وزرات داخلہ کے اہم اجلاس کی صدارت وفاقی سیکرٹری وزارت داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان نے کی۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے سیکرٹری داخلہ شریک ہوئے۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک میں کالعدم تنظیموں کے خلاف بھرپور اقدام کو سراہا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام کالعدم تنظیموں کی جائیدادوں کو حکومتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 2213 سوشل میڈیا گروپس اور ویب سائٹس کو بلاک کیا گیا۔

وزارت داخلہ کے اجلاس میں دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق اقدامات کو سراہا گیا۔ کالعدم تنظیموں کو نام بدل کر کام کرنے والی 3 تنظیموں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر سے 92 فیصد دہشت گردی کا خاتمہ ہوا جبکہ تنظیموں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو آج عملدرآمد رپورٹ بھجوائی جائیگی۔