سیاحت کے فروغ کیلئے مزید آسانیاں پیدا کریں گے، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 03 April,2019 11:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے لئے قواعد وضوابط آسان کر دیے ہیں اس میں مزید آسانیاں پیدا کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن علاقوں کو سیاحت کیلئے کھولیں، وہاں کی روایات، ثقافت اور اقدار کی پاسداری لازمی کرائیں۔

اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا کوئی نیا سیاحتی مقام نہیں بنا۔ کسی کو اندازہ ہی نہیں ہے کہ پاکستان میں نتھیا گلی جیسے سو مقامات ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ سے ناردرن ایریاز میں سیاحت ختم ہو چکی تھی۔ ہماری حکومت نے غیر ملکیوں کے لیے ویزا پالیسیوں کو آسان کر دیا ہے۔ ٹورازم کی اپیکس کمیٹی مسلسل آسانیاں پیدا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ہماری اشرافیہ گرمی کی چھٹیاں بیرون ملک مناتی ہے۔ ہمارے اپنے لوگوں کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کی سیر کرنی چاہیے۔ میں نے بھی دنیا بھر میں سیروسیاحت کی ہے لیکن پاکستان جیسی خوبصورتی کسی اور ملک میں نہیں ہے۔

انہوں نے زرخیز علاقوں کے ختم ہونے پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی زمین ختم ہو گی تو بہت بڑا نقصان ہوگا۔ شہر پھیلتے جا رہے ہیں، ہم نے گرین ایریاز کو بچانا ہے۔

 

Advertisement