لاہور: (دنیا نیوز) رہنما ن لیگ حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم نے آج دیکھا کس طرح چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، نیب نے شرمناک حرکت کی، گرفتاری کی کوشش عدالتی فیصلے کی توہین ہے. مجھے محسوس ہوا کہ ہم دہشت گرد ہیں۔
حمزہ شہباز کے وارنٹ کے باوجود گرفتاری کے بغیر نیب ٹیم کے واپس جانے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جب بھی نیب نے طلب کیا پیش ہوا، میرے والد شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ میں گرفتار کر لیا گیا۔
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس عدالتی فیصلہ موجود ہے جس میں لکھا ہے کہ گرفتاری سے10روز قبل آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے باوجود آج نیب کی جانب سے گھر پر دھاوا بول کر عدالتی فیصلے کی توہین کی گئی، نیب نے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گرفتاری کی کوشش کی۔ یہ شرمناک حرکت ہے، ایسا محسوس ہوا جیسے ہم دہشتگرد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب ٹیم آج سپر مین بن کر مجھے گرفتار کرنے آئی، بہتر تھا طلب کر لیتے۔ حمزہ شہباز نے وزیراعظم عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان سپورٹس مین نہیں یہ کھلنڈرا شخص ہے۔ مجھے عدالت نے بیرون ملک بیٹی کی عیادت کیلئے بیرون ملک جانے کی جازت دی، میری بیٹی موت کی جنگ لڑ رہی تھی اس پر بھی نیازی صاحب نے سیاست کی۔ ان کی حکومت نہیں گرائیں گے نہ انھیں سیاسی شہید بننے دیں گے۔