لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ جب بھی قوم پر کڑا وقت آیا ہم سب ایک ہو گئے۔ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ملکی معاملات پر متحد ہیں۔ وطن پر قربانیاں دینے والے پاک فوج کے شہدا اور ان کی ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو بھارت کے جنگی جنون کے شر سے محفوظ رکھے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے۔ ہمیں جب بھی چیلنج کیا گیا تو مسلح افواج نے قوم کو مایوس نہیں کیا۔ بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ امن میں ہی ترقی کا راستہ ہے۔ ترقی کے لئے مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر بات کرنا پڑتی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ میری دعا ہے کہ دونوں ملک قیام امن کے لئے کاوشیں کریں۔ دونوں ملک ایٹمی قوتیں ہیں۔ ایٹمی قوتوں کے ناطے ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے۔ اگر مودی کو الیکشن جیتنا مقصود ہے تو کوئی اور حربہ استعمال کریں، جنگی جنون پیدا کر کے سستی شہرت حاصل نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کا میڈیا مودی کے جنگی جنون پر انگلیاں اٹھا رہا ہے۔ پاکستان ایٹمی قوت اور بائیس کروڑ لوگوں کا ملک ہے، انشااللہ امن کا راستہ نکلے گا۔