لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 8 اپریل کو ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم احمد خان نے حمزہ شہباز شریف کی اپنے چیمبر میں متفرق درخواست پر سماعت کی حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ حمزہ شہباز کی ماڈل ٹاون میں رہائشگاہ کو نیب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے رکھا ہے اور نیب حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا چاہتی ہے وکیل نے بتایا کہ حمزہ شہباز نے اپنی عبوری ضمانت کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے اور اس درخواست پر 8 اپریل کو سماعت ہونی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آج پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی جیت ہوئی،حمزہ شہباز
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر حمزہ شہباز کی گرفتاری کو روکنے کے لیے فوری احکامات نہ دیئے گئے تو وہ 8 اپریل کو عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیااورحمزہ شہباز کو 8اپریل کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کاروائی ملتوی کردی۔