فیصل آباد: (دنیا نیوز) پرانے لائل پور موجودہ فیصل آباد کی تاریخ تقریباً 130 سال پرانی ہے۔ شہر کے مرکز میں واقع گھنٹہ گھر دنیا بھر میں اس شہر کی پہچان ہے۔ انتظامیہ کی عدم دلچسپی نے ثقافتی ورثے کا حسن گہنا کر رکھ دیا ہے۔
فیصل آباد شہر کی پہچان تاریخی گھنٹہ گھر کو انگریز حکومت نے 115 سال قبل تعمیر کیا تھا۔ ملکہ وکٹوریہ کی یاد میں 1903ء میں گھنٹہ گھر کی بنیاد رکھی گئی جبکہ عمارت 1905ء میں مکمل ہوئی۔
برطانوی جھنڈے یونین جیک کی طرز پر عمارت کے اردگرد آٹھ بازار بسائے گئے جو شہر کا تجارتی مرکز ہیں۔ 95 فٹ اونچے گھنٹہ گھر کی تعمیر کو مغلیہ طرز کا رنگ دینے کے لئے سانگلا ہل سے سرخ رنگ کا پتھر منگوا گیا۔
ریل بازار کے باہر 1897ء میں سرخ پتھروں سے تعمیر کردہ قیصری دروازہ فن تعمیر اور خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے۔ قیصری دروازہ کے عقب میں ہی 125 سال قبل گمٹی کی عمارت تعمیر ہوئی جو شہر کا تاریخی ورثہ ہے۔
ملکی اور غیر ملکی سیاح ان عمارتوں کو دیکھنے روزانہ آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گھنٹہ گھر، گمٹی اور قیصری دروازہ ثقافتی اعتبار سے شہر کے ماتھے کا جھومر ہیں۔
انتظامی عدم توجہی کے باعث گھنٹہ گھر میں نصب کلاک کی گھڑیاں گزشتہ کئی ماہ سے خراب ہیں۔ عمارت میں لگے فوارے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ گمٹی میں لگا فوارہ بھی عرصہ دراز سے بند ہے۔