فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں عدالت نے چھ سالہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل کے ملزم کو تین بار سزائے موت اور 35 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
عدم ادائیگی جرمانہ پر مجرم عبدالرزاق کو ڈیڑھ سال قید بامشقت بھگتنا ہو گی۔ مقتولہ کا باپ اشرف فیصلہ سننے کے لئے کویت سے خصوصی طور پر پاکستان آیا تھا۔
فیصل آباد کی مظفر کالونی کے رہائشی اشرف کی اکلوتی بیٹی چھ سالہ فضا نور کو گزشتہ سال دو جولائی کو محلے دار عبدالرزاق نے اغوا کے بعد زیادتی کر کے گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔
ملزم نے مقتولہ کی لاش منیر آباد میں پھینک دی تھی، اسے دو دن بعد سعودی عرب فرار ہوتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دوران تفتیش ملزم نے ایک اور بچی سے بھی زیادتی کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
ایڈیشنل سیشن جج انعام الہیٰ نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عبدالرزاق کو دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر تین بار سزائے موت اور پینتیس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
ملزم عبدالرزاق کو پولیس کے سخت پہرے میں عدالت لایا گیا اور واپس جیل منتقل کیا گیا۔ اس موقع پر مقتولہ کا والد اشرف، عزیز واقارب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد احاطہ عدالت میں موجود تھی۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مقتولہ فضا نور کے والد اشرف کا کہنا تھا وہ فیصلے سے مطمئن ہیں، انہیں عدالت سے انصاف کی توقع تھی جو پوری ہوئی، اب سزا پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے سفاک مجرم کو تختہ دار پر لٹکایا جائے تا کہ آئندہ کوئی کسی کی بیٹی سے ایسی درندگی نہ ہو سکے۔