کراچی: (دنیا نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نقل مافیا کا راج برقرار ہے، آج بھی بیالوجی کا پرچہ وقت سے آدھے گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ انٹر بورڈ چیئرمین نے سارا ملبہ اساتذہ پر ڈال دیا۔
کراچی میں انٹرمیڈیٹ امتحانات مذاق بن گئے، میٹرک کے بعد انٹر کے پرچوں میں بھی نقل مافیا سرگرم ہے، انٹر بورڈ سے پرچے آوٹ ہونے لگے۔ پیپر کا وقت صبح ساڑھے نو بجے تھا لیکن وقت سے آدھے گھنٹے قبل ہی بیالوجی کا پرچہ سوشل میڈیا پر دھڑا دھڑ وائرل ہو رہا تھا۔
انٹر بورڈ نے میڈیا پر تو پابندی لگا رکھی ہے لیکن قوم کے معماروں کو نقل کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ انٹر بورڈ میں کیا چل رہا ہے۔ اس سے بے خبر بورڈ کے سربراہ نے تو سارا ملبہ اساتذہ پر ڈال دیا۔
شہر میں نو مئی تک انٹرمیڈیٹ امتحانات جاری رہیں گے۔ بیشتر طلبہ کو تاحال ایڈمٹ کارڈ جاری نہیں ہوئے جس پر وہ سراپا احتجاج ہیں۔