اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کا کہنا ہے کہ دورہ جاپان کی مصروفیات کی وجہ سے ایران نہیں جا سکا۔ وزیراعظم عمران خان نے دورہ ایران کی تاریخ تبدیل کی جس کی تاریخ میرے دورہ جاپان سے متصادم تھی۔ مشاورت سے طے ہوا وزیراعظم عمران خان ایران اور میں جاپان جائوں گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا کامران خان کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ جاپان اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرنا ہے اور دورہ میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ بات چیت بھی ہو گی۔
وزیر خارجہ کا مزید کہا تھا کہ کابینہ میں تبدیلی کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے۔ وہ بہتر سمجھتے ہیں کہ کس کو کیا ذمہ داری سونپیں۔ اسد عمر کی جگہ حفیظ شیخ کو لایا گیا جو ٹیکنو کریٹ ہیں جبکہ معاشی فیصلے نئے مشیر خزانہ کرینگے جس سے مناسب سمجھیں مشاورت کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود نے اسد عمر کو پی ٹی آئی کا قابل فخر سپوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہماری جدوجہد کا حصہ رہے۔ ابھی پی ٹی آئی کو ان کی ضرورت ہے اور رہے گی۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ اسد عمر کے استعفی کے دن ہی میں نے ان کی خدمات کو سراہا تھا۔ سوشل میڈیا پر ان کیخلاف غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے تکلیف ہوئی۔