رحیم یار خان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں، پاکستان تدبر کا مظاہرہ کر رہا ہے، مودی سرکار نے سیاسی مقاصد کیلئے پلوامہ کا ناٹک رچایا، بھارت پلوامہ جیسے نئے واقعے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، 16 سے 20 اپریل کے درمیان عمل کرسکتا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا، بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا، پاکستان پوری کوشش کر رہا ہے کہ معاملات خراب نہ ہوں۔ انہوں نے کہا جذبہ خیر سگالی کے تحت 300 بھارتی ماہی گیروں کو بھی رہا کیا، پاکستان بحیثیت مملکت امن کا خواہاں ہے۔
شاہ محمود قریش کا کہنا تھا بھارت نئی واردات کے ذریعے پاکستان کیخلاف جارحیت کرنا چاہتا ہے، بھارت سفارتی اور عسکری سطح پر جارحیت کا منصوبہ بنا رہا ہے، پریس کانفرنس کے ذریعے بین الاقوامی برادری کو صورتحال سے آگاہ کر رہا ہوں، ہمارے پاس بھارت کے عزائم کے حوالے سے ٹھوس خفیہ معلومات ہیں۔