ترجمان پاک فوج نے بھارتی جھوٹ کا ایک اور ثبوت پیش کر دیا

Last Updated On 05 April,2019 09:38 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کا ایف 16 گرانے کا دعویٰ پھر غلط ثابت کر دیا۔ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس بتانے کے لیے مزید سچ موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کی جانب سے ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ پھر غلط ثابت کرتے ہوئے ایک بار پھر دنیا کے سامنے ٹھوس ثبوت پیش کر دیا ہے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی طیارے کے ملبے سے چاروں میزائل درست حالت میں قبضے میں لیے گئے۔ پاکستان نے شور نہ مچا کر عاجزی کا ثبوت دیا۔ ہمارے پاس بتانے کیلئے مزید سچ موجود ہیں۔

اس سے قبل میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، سچ ہمیشہ غالب رہتا ہے، وقت آ گیا ہے کہ بھارت سچ بولے۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے جھوٹے دعوؤں کے متعلق اب سچ بولے۔ امن اور خوشحالی خطے کی ضرورت ہے۔ بھارت اپنے جانی نقصان کے بارے میں سچ بتائے۔ بھارت کو تمام معاملات بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر خود احتسابی کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ فارن پالیسی میگزین کی ایک رپورٹ نے بھارت کو شٹ اپ کال دی تھی۔ رپورٹ میں امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کا کوئی طیارہ غائب نہیں، سب پاکستان کے پاس موجود ہیں۔

فارن پالیسی میگزین کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکی اہلکاروں کو آ کر ایف 16 گننے کی پیشکش کی تھی جس کے بعد امریکی اہلکاروں نے پاکستان کے ایف 16 طیارے گنے ہیں اور ان کی تعداد پوری ہے۔

 

امریکی عہدیداروں نے فارن پالیسی کو بتایا کہ بھارت نے جھوٹ بول کر عالمی برادری کو گمراہ کیا۔ ایف سولہ گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق پاکستان پر ایف 16 طیاروں کو استعمال کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔