راولپنڈی: (دنیا نیوز) حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی طیاروں کو ایف 16 طیاروں نے نشانہ بنایا یا جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے یہ سوال بے معنی ہے، 27 فروری کا واقعہ تاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار کارروائی پاکستان فضائی حدود کے اندر سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے کی۔ بعد میں جب دو بھارتی جہازوں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تو انہیں پاک فضائیہ نے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دو بھارتی جہازوں کو ایف سولہ نے نشانہ بنایا یا جے ایف 17 تھنڈر نے؟ یہ سوال بے معنی ہے۔
پاک فوج نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے دونوں بھارتی جہازوں کو اپنے دفاع میں مار گرایا۔ جب بھارتی جہاز آئے تو فضائیہ کے تمام جہاز بشمول ایف 16 فضا میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارت ایف 16 سمیت کوئی بھی جہاز چن لے، نتیجے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اگر ایف 16 استعمال ہوا تب بھی دو بھارتی لڑکا جہاز ہی نشانہ بنے۔ پاکستان اپنے دفاع کے لیے اپنی ہر صلاحیت کا مرضی کے مطابق استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے۔