نئی دلی: (روزنامہ دنیا) حالیہ کشیدگی میں بھارتی میڈیا کے جھوٹوں سے جگ ہنسائی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا،بھارتی وزارت دفاع نے منظوری دیدی ، ڈپٹی آرمی چیف کا عہدہ بھی تخلیق کیا جائیگا۔
حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی خبروں کا توڑ کرنے کیلئے انڈین وزارت دفاع نے پاکستان کے آئی ایس پی آر طرز کا ادارہ قائم کرنے کی منظوری دے دی،پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہر موقع پر بھارتی پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دیا اور ہر کارروائی کے ثبوت فوراً سے پہلے دنیا کے سامنے پیش کیے۔
دوسری طرف بھارتی میڈیا خود ساختہ طور پر اپنی فوج کا ترجمان بنا رہا اور لوگوں کو جھوٹی خبریں سناتا رہا، 26 اور 27 فروری کی کارروائیوں کے 2 دن بعد بھارت کی تینوں مسلح افواج کے نمائندے میڈیا کے سامنے اپنا موقف پیش کرنے آئے لیکن وہ میڈیا کے سوالوں کا جواب نہ دے پائے اور کوئی ثبوت پیش کرنے میں بھی ناکام رہے ،حالیہ کشیدگی کے دوران جھوٹی خبروں سے جگ ہنسائی کے بعد بھارتی وزارت دفاع نے آئی ایس پی آر طرز کا ادارہ قائم کرنے کی منظوری دی ہے ۔ انفارمیشن وار فیئر برانچ نامی اس نئے ادارے کی سربراہی لیفٹیننٹ جنرل رینک کا فوجی افسر کرے گا جو ڈپٹی آرمی چیف سٹریٹجی کے ماتحت کام کرے گا۔ اس ادارے کیلئے بھارتی فوج میں ڈپٹی آرمی چیف کا عہدہ بھی تخلیق کیا جائے گا۔ بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس نئے ادارے کا مقصد جنگی حالات میں جھوٹی خبروں کا سدباب کرنا اور بروقت اپنی کارروائیوں سے متعلق آگاہی دینا ہے۔