اسلام آباد: (دنیا نیوز) مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے قوم کے پیسے کھائے، نالائق اور حادثاتی رہنما بھارت کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں دوسرے دن بھی شور شرابہ رہا، اپوزیشن ارکان نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر احتجاج کیا۔ مراد سعید کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے نعرے باز کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا اپوزیشن میں ہمت ہی نہیں کہ مجھے سن سکے، پاکستان کیخلاف زہر اگلنے والے حسین حقانی کو آپ نے سفیر لگایا تھا، حادثاتی طور پر پارٹی چیئرمین بننے والا بلاول بھارت کا مقدمہ لڑ رہا ہے، آپ نے 1200 پولیس اہلکار بھرتی کر کے بھتے پر لگائے ہوئے ہیں۔
مراد سعید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا معصوم بچی غلط انجکشن لگنے سے بلک بلک کر مرگئی، معصوم بچی کی ہلاکت ان کے منہ پر طمانچہ ہے، کلبھوشن کو جاسوس کہتے انہیں شرم آتی تھی۔ انہوں نے کہا بلاول سے پوچھتا ہوں ایک سال کی عمر میں کمپنی میں پیسہ کہاں سے آیا ؟ بلاول، زرداری اور انکی پھوپھو کے نام جعلی اکاؤنٹس میں آ رہے ہیں، صدقے کے بکرے بھی جعلی اکاؤنٹس سے آ رہے ہیں۔
ادھر وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے لیے کالعدم تنظیموں کو ختم کرنا ہوگا، بارڈر کے دونوں طرف کالعدم تنظیموں کو ختم کرنا ہے، ایران اور پاکستان دونوں ممالک سے کالعدم تنظیموں کے خاتمے پر بات ہوئی، پاکستان اور ایران کے درمیان ایسا معاہدہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔