وزیرستان: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قبائلی عمائدین سے خطاب میں کہا ہے کہ قبائلی عوام نے ہمیشہ پاکستان کیلئے قربانیاں دیں، یہاں کے مسائل کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہوں، میرے دورے کا مقصد قبائلی عوام کے مسائل حل کرنا ہے۔ ہماری حکومت اس علاقے کے ترقیاتی منصوبوں پر ہر سال 100 ارب خرچ کرے گی.
وزیراعظم عمران خان نے جنوبی وزیرستان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں کی ساری تاریخ جانتا ہوں، عوام کے مسائل اور مشکلات سے بھی آگاہ ہوں تاہم اب تبدیلی آئے گی۔ قبائلی علاقوں میں معدنیات کے بے پناہ ذخائر ہیں اگر اس پر کام شروع ہو گیا تو یہاں سے محنت مزدوری کرنے کوئی باہر نہیں جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں پر اتنا پیسا خرچ کیا جائے گا جو 70 سال میں نہیں ہوا، ہر سال 100 ارب خرچ کریں گے۔ ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ فراہم کریں گے۔ ہسپتالوں میں سرجنز تعینات کریں گے۔ نوجوانوں کو روزگار کیلئے قرضے دیں گے، وزیرستان میں 100 کلومیٹر طویل سڑکیں اور سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔