اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے سری لنکن ہم منصبوں کو ٹیلی فون کر کے ایسٹر کے موقع پر دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے حملوں میں زخمی افراد کی صحت یابی کے لئے دعا کی اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
اُدھر صدر مملکت عارف علوی نے بھی سری لنکن ہم منصب کو فون کیا اور بم دھماکوں کی شدید مذمت کی۔ صدر عارف علوی نے سری لنکن ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفون پر خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور سری لنکا کو انسداد دہشتگردی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش بھی کیا۔
اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔
یاد رہے ایسٹر پر دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 360 ہوگئی۔ سری لنکا میں بدترین حملوں کے بعد سیکیورٹی اداروں کے سربراہان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صدر سری سینا نے کہا سیکیورٹی اداروں کے سربراہان 24 گھنٹوں میں تبدیل ہو جائیں گے، جن آفیشلز نے ان کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر نہیں کیں ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
سری لنکن وزیراعظم نے کہا حملوں کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں، جس میں داعش کا ایک گروپ ملوث ہو سکتا ہے۔ انٹرپول نے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین سری لنکا بھیجنے کا بھی اعلان کیا۔ سری لنکن حکام نے اب تک 58 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔