کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا میں حملوں کے بعد ساری ریاستی سیکیورٹی کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انٹرپول نے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین سری لنکا بھیجنے کا بھی اعلان کر دیا، حکام نےنیشنل توحید جماعت پر حملوں کا الزام لگایا ہے۔ حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 360 ہو گئی۔
سری لنکا میں بدترین حملوں کے بعد سیکیورٹی اداروں کے سربراہان تبدیل کرنے کا فیصلہ، صدر سری سینا نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے سربراہان 24 گھنٹوں میں تبدیل ہو جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا جن آفیشلز نے ان کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر نہیں کیں ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ حملوں کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں
جس میں داعش کا ایک گروپ ملوث ہو سکتا ہے۔ انٹرپول نے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین سری لنکا بھیجنے کا بھی اعلان کر دیا۔ سری لنکن حکام نے اب تک 58 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔