اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت احتساب کے عمل کو موثر بنانےمیں کردار ادا کرے گی۔
فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب کرپشن کیخلاف شکنجہ سخت ہو تو شور مچایا جاتا ہے۔ اپوزیشن کرپشن بچانے کیلئے روز چیخ وپکار کرتی ہے لیکن وزیراعظم عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چین کیساتھ تجارتی، معاشی، ثقافتی تعلقات مضبوط بنا رہے ہیں اور آزاد تجارتی معاہدہ کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت احتساب کے عمل کو موثر بنانے میں کردار ادا کرے گی۔ امانت میں خیانت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ سیاسی اکھاڑے لگانے سے جمہوریت کی جڑیں کمزور ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے وزرا کو ٹارگٹ دیے ہیں، رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔