پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ہم چین کے شراکت دار ہیں: وزیراعظم عمران

Last Updated On 27 April,2019 06:01 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ہم چین کے شراکت دار ہیں، افرادی قوت کی تربیت کیلئے پروگرام ترتیب دیئے جائیں، گوادر بندرگاہ چینی کمپنیوں کیلئے لاگت کم کرے گی۔

 وزیراعظم عمران خان نے لیڈرز گول میز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا صدر شی چن پنگ اور ان کی حکومت کا شکر گزار ہوں، چین کی 70 ویں سالگرہ پر صدر اور چینی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، چین جدید دور میں کامیابی کی عظیم مثال ہے، صدر شی چن پنگ نے بیلٹ اینڈروڈ کا وژن پیش کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا بیلٹ اینڈ روڈ وژن سے رکاوٹیں ختم ہونگی، عوام قریب آئیں گے، بیلٹ اینڈ روڈ وژن سے معیشت کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہوگی، نئی بندرگاہ خطوں کو آپس میں منسلک کرے گی، گوادر بندگارہ سنکیانگ کے ذریعے چینی اشیا کی ترسیل کیلئے مختصر راستہ ہے، ہائی ویز تعمیر، ریلوے کو جدید بنا رہے ہیں، توانائی منصوبے، خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جا رہے ہیں، سی پیک پاکستان کیلئے بڑی تبدیلی کا باعث ہے، بیلٹ اینڈ روڈ کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں اور اطلاعات کے تبادلوں میں بہتری لانا ہوگی۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ کے ذریعے سیاحت سے ثقافتی روابط کو بڑھایا جائے، پاکستان اہم خطوں کی گزرگاہ ہے، روابط پاک چین اقتصادی راہداری کا خاصہ ہیں، چین نے پائیدار ترقی، معاشرتی، عوامی زندگیوں میں واضح تبدیلی پیدا کی، عظیم تبدیلی چین کے وژن اور عوام کی محنت سے ممکن ہوئی، بیلٹ اینڈ روڈ وژن سے معیشت کی ترقی و خوشحالی ممکن ہوگی۔

 

Advertisement