لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے کہ کہا کہ ججز بلا خوف و خطر فیصلے کریں، پراسکیوشن اورپولیس کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
لاہور میں پنجاب کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے ججز کی تربیتی ورکشاپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان کا کہنا تھا کہ تمام ممالک دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سٹریٹیجی بنا رہے ہیں، ماضی میں پاکستان دہشتگردی سے بری طرح متاثر ہوا، پاکستان میں مارکٹیں، عبادت گاہیں، سیرگاہیں دہشتگردی سے متاثر ہوئیں، دہشت گردی سے ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے۔
جسٹس سردار شمیم خان نے مزید کہا کہ دہشت گردی سے ملکی معیشت کو شدیدنقصان پہنچا، دہشت گردوں کو سزائیں نہ ہوں تو عدالتوں پر انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں۔ عدالتیں دستیاب شواہد، پولیس اور پراسکیوشن کی جانب سے پیش کردہ ثبوتوں ہر فیصلے سناتی ہیں، پراسکیوشن اور پولیس کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ججز بلا خوف خطر فیصلے کریں، اللہ سے ڈرنے سے کبھی ناانصافی نہیں ہوتی۔
تقریب میں جسٹس قاسم خان، جسٹس امین الدین خان، جسٹس امیر بھٹی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس شہباز رضوی اورجسٹس سرفراز ڈوگر نے بھی شرکت کی۔