لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ینگ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف سراپا احتجاج بن گیا، او پی ڈی میں کام بند کر دیا، مریض علاج کی سہولت نہ ملنے پر رل گئے۔
پنجاب کے مختلف شہروں کے ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور سروسز معطل کر دیں، لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی بند جبکہ ینگ ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس نے کام چھوڑ دیا۔
فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز، پی ایم اے اور پیرا میڈیکل سٹاف نے مشترکہ احتجاج کرتے ہوئے حکومت مخالف نعرے لگائے۔ او پی ڈی میں کام بند کر کے حکومت سے ہسپتالوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ پریشانی میں مبتلا مریض حکومت اور ڈاکٹروں کو دہائیاں دیتے رہے۔
روالپنڈی میں بھی ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر چلے گئے، تینوں بڑے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی بند کر دی، مریض مسیحاؤں اور عملے کی بے حسی سے پریشان دکھائی دیئے، ملتان میں ینگ ڈاکٹرز نے ہسپتالوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف نشتر ہسپتال کی او پی ڈی بند کر دی۔ دور دراز سے آئے مریض علاج کے بغیر ہی گھروں کو واپس جانے پر مجبور ہوگئے۔