راجن پور: (دنیا نیوز) راجن پور میں گزشتہ روز موٹر سائیکل چوری تنازع پر فائرنگ سے 7 افراد کی ہلاکت پر ان کے ورثا نے 14 گھنٹے سے قومی شاہراہ بلاک کر رکھی ہے، احتجاج کے باعث انڈس ہائی وے پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں جس کے سبب مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تحصیل روجھان کے کچہ ایریا کپڑا میں مزاری برادری کے دو گروپوں میں دو موٹر سائیکل چوری کے تنازع پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سات افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں پانچ دلانی اور دو بنو ں مزاری برادری کے افراد شامل ہیں۔
موٹر سائیکل چوری کی اطلاع اور فائرنگ تبادلے پر پولیس کی جانب سے کوئی شنوائی نہ کرنے پر دلانی، مزاری برادری کے افراد 14 گھنٹے سے قومی شاہراہ روجھان چوک کے مقام پر مظاہرہ کر رہے ہیں جو ملزمان کی گرفتاری تک جاری رہیگا۔
لواحقین اور علاقہ مکین مرد و خواتین اور بچے رات سے دھرنا دیئے ہوئے ہیں، مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس قاتلوں کو سپورٹ کر رہی ہے، جس سے مذاکرات نہیں کرینگے، احتجاج کے باعث قومی شاہراہ پر دوطرفہ ٹریفک گھنٹوں سےمعطل ہے جس سے گاڑیوں کی طویل لائنیں لگی ہیں۔