ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں تاحال فعال نہیں جس کی وجہ سے دکانداروں نے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بھی 10 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔
ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے 41 پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مقرر کئے ہیں لیکن اسکے باوجود دکانداروں نے موسمی تبدیلی کے باعث دودھ اور دہی کی مانگ میں اضافہ ہوتے ہی قیمتوں میں 10 فیصد تک خود ساختہ اضافہ کر دیا جس سے شہریوں کی قوت خرید کم ہو گئی ہے۔
دکانوں پر دودھ کی نئی قیمت 90 روپے فی کلو جبکہ دہی کی 110 روپے وصول کی جا رہی ہے جس پر دکانداروں کی منطق ہے کہ قیمتوں میں اضافہ خودساختہ نہیں بلکہ مہنگائی کا نتیجہ ہے جسکی ذمہ دار حکومت ہے۔
دکانوں پر لسی، مکھن، کھویا، دیسی گھی اور آئس کریم کی قیمت بھی بڑھ چکی ہے جن کو کنٹرول کرنے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں سنجیدہ نہیں۔