لاہور: (دنیا نیوز) سرکاری ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال دوسرے روز میں داخل ہو گئی۔ محکمہ صحت اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں مسیحا اور پیرا میڈیکل سٹاف ڈٹے ہوئے ہیں، آؤٹ ڈور میں جزوی ہڑتال ہے، مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں، شیخ زید ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے ممکنہ نجکاری کے خلاف احتجاج کیا۔
فیصل آباد کے ڈاکٹرز بھی پیچھے نہ رہے، سول اور الائیڈ ہسپتال میں مریضوں کے لئے آؤٹ ڈورزبند کر دیئے۔ نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی احتجاج میں شریک ہیں، دو روز سے جاری ہڑتال سے مریض پریشان نظر آئے۔ پریشان حال شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں یقینی بنائی جائیں۔