اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے 81 سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، حکمران جماعت تحریک انصاف امیر ترین سیاسی جماعت بن کر سامنے آ گئی۔
الیکشن کمیشن دستاویزات کے مطابق تحریک انصاف 31 کروڑ 66 لاکھ روپے مالیت کے اثاثوں کی مالک نکلی، پی ٹی آئی کے اثاثوں میں ایک سال کے اندر 22 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ عمران خان نے سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ وصول نہیں کی، پی ٹی آئی نے سمندر پار پاکستانیوں سے 6 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز لیے، 1 کروڑ 26 لاکھ امریکہ میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں سے وصول کیے، پی ٹی آئی نے 4 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد کا فنڈ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے وصول کیا، تحریک انصاف نے پارٹی کے 6 اکاونٹس الیکشن کمیشن میں ظاہر کیے۔
مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی مالیت 25 کروڑ 33 لاکھ 77 ہزار 955 روپے ہے، ن لیگ نے پارٹی ٹکٹس 11 کروڑ 97 لاکھ میں دیئے، ایک سال میں ن لیگ کے اثاثوں میں 2 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے پاس 16 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کا بینک بیلنس ہے، پیپلزپارٹی نے 9 کروڑ 37 لاکھ سے زائد ٹکٹوں کی مد میں وصول کیے۔
تحریک لبیک پاکستان کو چندے کی مد میں 50 لاکھ روپے ملے، مسلم لیگ ق 4 کروڑ 99 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کی مالک ہے، شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل ہے، عوامی مسلم لیگ صرف 1 لاکھ 38 ہزار روپے اثاثوں کی مالک ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کو 1 کروڑ 75 لاکھ روپے کا چندہ ملا، جماعت اسلامی 10 کروڑ 63 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہے۔