اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی اور رضا ربانی میں آئی ایم ایف سے قرض کے معاملے پر تلخ کلامی ہوگئی۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان پہلی بار آئی ایم ایف کے پاس نہیں گیا، کیا پیپلزپارٹی نے حفیظ شیخ کو عالمی مالیاتی فنڈز کے کہنے پر وزیر خزانہ لگایا تھا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدارتی نظام اور ون یونٹ کا امکان مسترد کر دیا اور وعدہ کیا کہ این ایف سی ایوارڈ ضرور آئے گا۔ انہوں نے کہا سابق حکومت نیا این ایف سی ایوارڈ نہ دے سکی، اسد عمر نے صوبائی حکومت کو نمائندے نامزد کرنے کی بار بار درخواست کی، سندھ حکومت اس کی سب سے زیادہ ذمہ دار ہے، سندھ حکومت اپنا نمائندہ نامزد کرنے میں ناکام رہی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہا جاتا ہے ملک آئی ایم ایف کے چنگل میں جا رہا ہے، سوچنے کی بات ہے حکومت آئی ایم ایف کے پاس کیوں جاتی ہے، معاشی زبوں حالی کی وجہ سے حکومت آئی ایم ایف کے پاس جاتی ہے۔