لاہور: (دنیا نیوز) کنٹریکٹ ملازمین کے لیے خوش خبری، حکومت پنجاب نے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے قوانین میں ترامیم کی منظوری دے دی۔ اب چار سال کی بجائے تین سال کنٹریکٹ پر ملازمت کرنے والا مستقل ہو سکے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منعقد ہونے والے کیبنٹ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی پر ترامیم کرنے کی منظوری دی۔
انہوں نے محکمہ قانون اور ریگولیشن کی سفارشات پر پنجاب کنٹریکٹ افسران اور ملازمین کو چار سال کی سروس کی بجائے تین سال کی سروس مشروط کر دی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق کسی بھی سرکاری محکمے میں تین سال تک کام کرنے والا ملازم یا آفیسر مستقل قانون 2018ء کے مطابق مستقل ہو سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے پر کیبنٹ ونگ نے منٹس آف میٹنگ جاری کر دیے ہیں اور باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے متعلق محکمہ ریگولیشن اب باقاعدہ چند روز میں نوٹفکیشن جاری کرے گا۔
اس سے قبل چار سال کا ٹائم فریم کنٹریکٹ ملازم کو مستقل کرنے کا رکھا گیا تھا۔
کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی سے پنجاب کے تمام کنٹریکٹ سرکاری ملازمین استفادہ کر سکیں گے۔